ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی حکومت کنکا پورہ کی ترقی کو روک رہی ہے: ڈی کے شیو کمار

ریاستی حکومت کنکا پورہ کی ترقی کو روک رہی ہے: ڈی کے شیو کمار

Mon, 09 Nov 2020 12:07:13    S.O. News Service

بنگلورو،9؍نومبر(ایس او نیوز) ریاستی حکومت کی طرف سے بجلی کے نرخوں میں اِضافے کی تجویز کی کرناٹک پردیش کانگریس کمیٹی صدر ڈی کے شیو کمار نے شدید مخالفت کی ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر اس تجویز کو واپس لے لیا جائے۔ وزیر اعلیٰ ایڈی یورپا کو اس سلسلہ میں ایک مکتو ب روانہ کر کے شیو کمار نے کہا ہے کہ گزشتہ 9ماہ سے ریاست کے عوام کورونا وائرس کی وجہ سے بدحال ہیں۔ ان کی معاشی حالت خستہ ہو چکی ہے۔ محنت کش ہاتھوں کے ہاتھ میں کام نہیں ہے۔ تاجر کئی مہینوں سے کاروبار نہ ہونے کے سبب پریشان ہیں۔ فصلوں کے لئے کم از کم قیمت بھی نہ ملنے کی وجہ سے کسان بدحال ہیں۔

شیو کمار نے وزیر اعلیٰ سے مانگ کی ہے کہ جب تک ریاست میں معاشی حالات معمول پر نہیں آجاتے اس وقت تک بجلی کے نرخوں میں اضافہ کو موخر کردیا جائے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ سے گزارش کی ہے کہ اس سلسلہ میں فور ی طور پر متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کریں۔ اس دوران کنکا پورا اے پی ایم سی انتخاب میں حصہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی کے شیو کمار نے ریاستی حکومت کی طرف سے اس تعلقہ کی ترقی کے معاملہ میں کئے جا رہے سوتیلے سلوک پر افسوس ظاہر کیا۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت نے کنکا پورا حلقہ کی ترقی کے لئے ایک روپیہ بھی نہیں دیا۔ اس ضمن میں انہوں نے وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا سے نمائندگی کی تو انہوں نے فنڈفراہم کرنے کا وعدہ کیالیکن اس کو وفا نہ کر سکے۔ کنکا پورا میں میڈیکل کالج کی شروعات کے متعلق ایک سوال پر ڈی کے شیو کمار نے کہا کہ وزیر اعلیٰ اگر چاہیں تو بنگلورو رورل ضلع کے لئے کنکا پوراتعلقہ میں ایک میڈیکل کالج کے قیام کو منظور ی دے سکتے ہیں۔ لیکن مرکزی حکومت سے منظوری کے بہانے سے تعلقہ کو میڈیکل کالج سے محروم کردیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ میڈیکل کالج کی منظوری کے لئے مرکزی حکومت سے منظوری کی کوئی ضرورت نہیں۔ وزیر اعلیٰ کو اس کا اختیار ہے۔ لیکن بدقسمتی سے وزیر اعلیٰ یہ نہیں چاہتے۔


Share: